ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میزائل حملے کے بعد سعودی ایئرلائن کے ایک طیارے میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں طیارے کو بھاری نقصان پہنچا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے وقت طیارہ ایئرپورٹ پر کھڑا تھا اور اس میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا تاہم حکام کی جانب سے فوری طور پر ممکنہ جانی نقصان کے حوالے سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
حوثی ملیشیا نے ریاض ایئرپورٹ اور سعودی عرب کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ گروپ نے سعودی عرب پر مزید حملے کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاض کی جانب آنے والے بیلسٹک میزائلوں کو راستے میں ہی روک لیا گیا۔ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر پروازوں کا نظام بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ حملے کی نوعیت، نقصانات اور دیگر تفصیلات سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔



















