ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے جماعت نہم کے سالانہ امتحانات 2027 کے آن لائن امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔ طلبہ اب 24 اکتوبر سے 9 نومبر 2026 تک بغیر لیٹ فیس امتحانی فارم جمع کرا سکیں گے۔
بورڈ کراچی کے مطابق چیئرمین پروفیسر مشرف علی راجپوت کی خصوصی ہدایت پر اسکولوں اور طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تاریخ میں توسیع کی گئی ہے، تاہم مقررہ تاریخ کے بعد امتحانی فارم جمع کرانے پر مرحلہ وار لیٹ فیس وصول کی جائے گی اور تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی۔
بورڈ سے الحاق شدہ نجی اسکول ہی آن لائن امتحانی فارم جمع کرا سکیں گے، جبکہ سرکاری، بلدیاتی، میونسپل کارپوریشن اور محکمہ محنت کے اسکول بورڈ کے ایگزامینیشن اسٹور سے فارم مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ سرکاری اسکول انرولمنٹ فارم کی نقل کے ساتھ امتحانی فارم کمرہ نمبر 4 میں جمع کرائیں۔
نجی امیدوار امتحانی فارم نیشنل بینک، عسکری بینک اور یونائیٹڈ بینک کی متعلقہ شاخوں سے حاصل کرکے وہیں جمع کراسکتے ہیں۔ بورڈ نے ہدایت کی ہے کہ نجی طلبہ و طالبات فارم جمع کرانے سے پہلے متعلقہ سیکشن سے اس کی جانچ ضرور کرائیں۔
بورڈ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 10 سے 25 نومبر تک 500 روپے، 26 نومبر سے 10 دسمبر تک 800 روپے، 11 سے 28 دسمبر تک 1,200 روپے، 29 دسمبر سے 12 جنوری 2027 تک 1,500 روپے اور 13 سے 27 جنوری تک 1,800 روپے لیٹ فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کرائے جاسکیں گے۔
بورڈ کے مطابق 27 جنوری 2027 کے بعد امتحانی فارم جمع کرانے پر 2,500 روپے لیٹ فیس ادا کرنا ہوگی۔ طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اضافی فیس سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخوں کے اندر امتحانی فارم جمع کرائیں۔














