Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی کو اقتصادی تعاون کے ساتھ نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے، وزیر اعظم

کراچی میں رجب طیب اردوان خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جا رہا ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے قومی دن پر صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 29 اکتوبر 1923 کو مصطفیٰ کمال پاشا کی قیادت میں جمہوریہ ترکیہ کی بنیاد رکھی گئی۔ صدر رجب طیب اردوان کی مدبرانہ قیادت میں ترکیہ ایک مضبوط عالمی قوت بن کر ابھرا ہے اور معیشت، دفاعی ٹیکنالوجی اور جدید بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم مقام رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی تاریخی اور لازوال ہے۔ تحریکِ خلافت کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ترک بھائیوں کی حمایت کی، جبکہ ترکیہ نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔

وزیراعظم نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ترکیہ کی امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترک قیادت اور عوام نے پاکستانی متاثرین کے ساتھ غیر معمولی ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ترک خاتون اول امینہ اردوان کے جذبۂ ایثار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ طیب اردوان اسپتال اور امینہ اردوان اسکول صحت و تعلیم کے شعبوں میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے فروری 2023 میں ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے ترک بھائیوں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھا اور متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ کی حمایت پر بھی اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترک عوام کی مخلصانہ حمایت ہمیشہ یاد رکھے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات سیاست، تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں۔ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان مکہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو انہوں نے باہمی تعاون، مشترکہ صلاحیت اور علاقائی امن و استحکام کے عزم کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔

وزیراعظم نے اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں رجب طیب اردوان خصوصی اقتصادی زون قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکیہ کے سفیر نے جمہوریہ ترکیہ کے قومی دن کی مناسبت سے کیک کاٹا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ خبریں