عالمی منڈی میں امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی واضح کامیابی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں امریکی اور برطانوی خام تیل فی بیرل تقریباً 3 ڈالر تک سستا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 2.84 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 2 ڈالر 74 سینٹ سستا ہوکر 93 ڈالر 36 سینٹ فی بیرل پر آگیا۔
اسی طرح برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 2.90 فیصد گرگئی اور 3 ڈالر کی کمی کے بعد 100 ڈالر 60 سینٹ فی بیرل میں فروخت ہونے لگا۔
دبئی مرّبان خام تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، جو 1.24 فیصد گھٹ کر 100 ڈالر 90 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں قدرتی گیس کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 0.24 فیصد بڑھ کر 2.902 ڈالر پر پہنچ گئی۔



















