پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز فروخت کے دباؤ کے باعث مندی چھائی رہی، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 1493 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 73 ہزار 886 پوائنٹس پر بند ہوگیا۔
کاروبار کے دوران مندی کے باعث اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 75 ہزار اور ایک لاکھ 74 ہزار پوائنٹس کی دو اہم نفسیاتی حدیں بھی برقرار نہ رکھ سکی۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 74 ہزار 369 جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 72 ہزار 809 پوائنٹس رہی۔
بازارِ حصص میں مجموعی طور پر 567 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 365 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 103 کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
دورانِ کاروبار سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 99 کروڑ 86 لاکھ حصص کے سودے کیے، جن کی مالیت 46 ارب روپے رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس ایک لاکھ 75 ہزار 379 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔


















