اسلام آباد: ایران امریکا کشیدگی کے تناظر میں پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے آئل ریفائنریز کے لیے نیا فارمولا جاری کر دیا جس میں بتایا گیا کہ پیٹرول کی درآمدی قیمت کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے اصل درآمدی کارگو کی لاگت پر ہوگا، اصل درآمدی لاگت دستیاب نہ ہونے پر آخری کارگو کا پریمیم اور اضافی اخراجات استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
نئے فارمولے کے تحت آئل ریفائنریز آئندہ 30 روز تک پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 7 مارچ 2026 کی سطح پر مقرر کرسکیں گی، ریفائنریز کو پریمیم، اضافی اخراجات اور کسٹمز ڈیوٹی 7 مارچ 2026 کی سطح پر رکھنے کی اجازت ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ درآمدی قیمت اور ایکس ریفائنری قیمت کا فرق ریفائنریز کو پیٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کرانا ہوگا اور پیٹرولیم لیوی میں ردوبدل کا فائدہ صرف پیٹرول صارفین کو منتقل کیا جائے گا تاہم اس کا فائدہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کی صورت میں عوام کو ملے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے نئے طریقہ کار سے متعلق تمام آئل ریفائنریز کو باضابطہ خطوط ارسال کر دیے ہیں جن میں انہیں روزانہ پیٹرول کی فروخت کی تفصیلات پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہدایت کے مطابق ریفائنریز کو روزانہ فروخت کی رپورٹس کے ساتھ سی پی آرز اور چالان بھی جمع کرانا ہوں گے جبکہ اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن اضافی لیوی کی ادائیگیوں اور متعلقہ حسابات کی تصدیق کریں گے۔


















