جی سیون ممالک نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی خدشات دور کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نہ نکلنے کی صورت میں تہران پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
جی سیون کے جاری کردہ اعلامیے میں آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ اور آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق جی سیون ممالک نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے اور دونوں ممالک سے جامع اور باہمی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
جی سیون رہنماؤں نے یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے روس اور یوکرین پر زور دیا ہے کہ وہ توانائی کی تنصیبات اور بحیرہ اسود میں حملوں سے گریز کریں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپ کی سلامتی کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں یورپی ممالک کی شمولیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔



















