پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنالیے، مہمان ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے صرف 30 رنز درکار ہیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے دن سری لنکا نے 114 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو پاکستانی بولرز مہمان بیٹرز کو دباؤ میں لانے میں ناکام رہے۔
دھننجیا ڈی سلوا نے شاندار سنچری مکمل کرتے ہوئے 167 رنز بنا لیے جبکہ کوشل مینڈس 117 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے پاکستانی بولنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔
پاکستان کو تیسرے روز صرف ایک وکٹ مل سکی، ثاقب خان اور محمد عباس اب تک دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بابر اعظم، طیب عارف اور محمد طہٰ نے بھی نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
واضح رہے کہ دوسرے روز خراب روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کرنا پڑا تھا، جس کے باعث سری لنکا نے 27.1 اوورز ہی بیٹنگ کی تھی۔



















