اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے روند کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان نے 139 رنز کا ہدف صرف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ حیان خان نے 72 گیندوں پر 69 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ عثمان خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔
دونوں بیٹرز نے پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی فتح آسان بنادی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31.4 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عبداللہ المعہی نے 50 رنز بناکر مزاحمت کی، تاہم پاکستانی بولرز کے سامنے دیگر بیٹرز زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔
رضوان اللہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 30 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد صیام نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کپ میں اب تک ناقابلِ شکست ہے۔ گرین شرٹس نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات، بھارت اور نیپال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی، جہاں بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل کا ٹکٹ بھی حاصل کرلیا۔



















