لاہور: وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے اسکول بند نہیں ہوں گے۔
وزیر تعلیم نے ممکنہ چھٹیوں سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ کی چھٹیوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، تعلیمی اداروں میں اسموگ کی چھٹیاں زیر غور نہیں، نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی سرگرمیاں حسب معمول جاری رہیں گی، والدین افواہوں پر کان نہ دھریں۔ طلباء اپنی حفاظت کریں، آوٹ ڈور سرگرمیاں ایس او پیز کے مطابق کریں، طلباء ماسک کا استعمال کریں اور اسموگ سے بچاو کیلئے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ لاہور کی فضا ایک بار پھر زہریلی ہو چکی ہے۔ نومبر 2026 کے آغاز پر شہر کا فضائی معیار کا اشاریہ (AQI) 530 سے تجاوز کر گیا۔
فضا میں باریک ذرات (PM2.5) کی مقدار 343 مائیکروگرام فی مکعب میٹر تک پہنچ گئی اور لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرِفہرست آ گیا۔ یہ صرف ایک شہر کا مسئلہ نہیں، یہ ہمارے بچوں کی صحت، ہماری معیشت اور ہماری روزمرہ زندگی کا مسئلہ ہے۔



















