آسٹریلوی کرکٹ کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’سینڈ پیپر گیٹ‘ سے متعلق نئے انکشافات سامنے آگئے، سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر چاڈ سائرز نے عثمان خواجہ کے دعوے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کے منصوبے کا علم تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چاڈ سائرز 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے پر آسٹریلوی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے کیپ ٹاؤن میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کی تھی، جس کے دوران سینڈ پیپر استعمال کرکے گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کی کوشش کی گئی تھی۔
سائرز نے ایک ریڈیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ٹیم کے ہر کھلاڑی کو معلوم تھا کہ کیا منصوبہ بنایا جارہا ہے اور اس کے لیے کون سا طریقہ استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی سینڈ پیپر استعمال کیا گیا تھا اور وہ خود میدان سے سینڈ پیپر اٹھا کر باہر لے گئے تھے۔ ان کے بقول یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا بلکہ اس وقت وہ کھلاڑیوں کے لیے مشروبات لے کر میدان میں گئے ہوئے تھے۔
Chadd Sayers has told all from within the changerooms in South Africa, 2018.
Catch the full interview on https://t.co/f9Zd9S9ja1 on the SEN app. 📲
#Cricket https://t.co/L5uQYyuRgj
— SEN Cricket (@SEN_Cricket) November 15, 2026
چاڈ سائرز کے مطابق ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے اور اس کے لیے استعمال ہونے والے طریقوں پر بھی گفتگو ہوتی رہی تھی۔
یہ معاملہ اس وقت دوبارہ زیر بحث آیا جب عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری میں دعویٰ کیا کہ 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے پوری ٹیم آگاہ تھی۔ ڈیوڈ وارنر نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
دوسری جانب موجودہ آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے خواجہ کے الزامات کو مکمل طور پر غلط قرار دیا ہے۔ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن نے 2021 میں جاری بیان میں بھی اسکینڈل سے لاعلمی ظاہر کی تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا پہلے ہی اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کا فیصلہ کرچکا ہے۔ تاہم ڈیوڈ وارنر نے بورڈ پر حقائق چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بولرز سے اس وقت پوچھ گچھ کی گئی تھی تو انہیں اس بارے میں آگاہ کیوں نہیں کیا گیا۔
وارنر نے بعد میں وضاحت کی کہ ان کا مؤقف یہ تھا کہ انہیں کبھی نہیں بتایا گیا کہ بولرز کے انٹرویوز یا بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے تھے۔



















