سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کاروباری مرکز میں واقع بلند ترین ٹاور حوثی ملیشیا کے حملے سے متاثر ہوا ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے کے نتیجے میں عمارت کی متعدد منزلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ مذکورہ عمارت میں سعودی نیشنل کیپیٹل فنڈ کا دفتر بھی قائم ہے۔
واقعے سے چند گھنٹے قبل سعودی اتحاد کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاض میں عمارت کو پہنچنے والا نقصان ایک میزائل کا ملبہ گرنے کے باعث ہوا۔ دوسری جانب عینی شاہدین نے بھی ٹاور کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات دی تھیں۔
ادھر قطر کی وزارت خارجہ نے ریاض کے شاہ عبداللہ کمرشل زون کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
کویت نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سعودی عرب کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البداوی نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ علاقائی اور عالمی برادری کو حوثیوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔



















