نئے صوبوں کے قیام پر حکومتی رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرگئی، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزرا کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے روک دیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی ہے کہ باہمی اختلافات کو میڈیا پر اچھالنے کے بجائے افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزرا کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے حکومت کا منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور عوامی خدمت و ترقی کا ایجنڈا متاثر ہوتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح کے منصوبوں اور ملکی معیشت کو استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب لے جانے پر مرکوز ہے۔ پاکستان نے سفارتی اور عالمی محاذ پر بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس لیے حکومتی نمائندوں کو اپنی توانائیاں عوامی خدمت پر صرف کرنی چاہئیں۔
شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی باہمی الزام تراشی سے گریز اور مثبت مکالمے کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے تمام فریقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کی یہ مداخلت وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ کے درمیان نئے صوبوں کے معاملے پر سامنے آنے والی بیان بازی کے بعد سامنے آئی ہے۔ رانا ثنااللہ نے محسن نقوی کو اس معاملے کو متنازع بنانے کا ذمہ دار قرار دیا تھا، جبکہ محسن نقوی نے بھی ایک نام لیے بغیر وزیر کو بار بار تنقید کرنے پر خبردار کیا تھا۔
نئے صوبوں کی بحث نے اس وقت سیاسی شدت اختیار کی جب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی جبری تقسیم کی کوشش پر خونریزی کا انتباہ دیا، جس پر وفاقی وزرا کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔ حکومتی رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ بہتر انتظامی نظام اور گورننس کے لیے چھوٹے صوبوں کا قیام ضروری ہے اور اس بارے میں عوامی رائے کو اہمیت دی جانی چاہیے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وزیر مملکت طلال چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی اس بحث میں اپنے مؤقف پیش کیے، جبکہ بلاول بھٹو نے جوابی ردعمل میں کہا کہ وفاقی وزرا سچ بولنے پر ان سے لڑائی کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔
















