Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا خلائی خواب حقیقت بننے سے چند گھنٹے دور، محمد ذیشان علی تاریخ رقم کرنے کو تیار

خلائی اسٹیشن پر اپنے قیام کے دوران پاکستانی خلا باز مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے

پاکستان کے خلائی سفر میں ایک تاریخی سنگ میل قریب آگیا، پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کل چین کے جی چوان خلائی مرکز سے خلا کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کرکے سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

خلائی مشن کی روانگی پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے ہوگی، جبکہ اس سے قبل الوداعی تقریب رات ایک بج کر 40 منٹ پر منعقد کی جائے گی۔ الوداعی تقریب سے لے کر خلائی مشن کے مختلف مراحل تک کی کارروائی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر براہ راست نشر کی جائے گی۔

مشن کی روانگی کے تقریباً 4 سے 5 گھنٹے بعد محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن ’’تیانگونگ‘‘ میں داخل ہوں گے، جہاں وہ دو چینی خلا بازوں کے ہمراہ قیام کریں گے۔

خلائی اسٹیشن پر اپنے قیام کے دوران پاکستانی خلا باز مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے، جو خلائی تحقیق اور سائنسی تعاون کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہوں گے۔

محمد ذیشان علی کی یہ تاریخی پرواز پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔ اس مشن کے ذریعے پاکستان کو عالمی خلائی تحقیق میں اپنی موجودگی نمایاں کرنے اور سائنسی میدان میں نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ خبریں