امریکی شہری نے دوڑ کے دوران ہاتھ میں پیزا کا ڈبہ اٹھائے رکھ کر ہاف میراتھن مکمل کرنے کا منفرد کارنامہ انجام دے دیا، جس نے کھیلوں کے شوقین افراد اور پیزا کے دلدادہ لوگوں کو حیران کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیون ایرکسن نے امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں منعقد ہونے والی ولیمز روٹ 66 ہاف میراتھن میں شرکت کی۔
اسٹیون ایرکسن نے دوڑ کے آغاز سے اختتام تک 16 انچ کا پیزا باکس اپنے ہاتھ میں تھامے رکھا۔ یہ پیزا ایک مقامی ریسٹورنٹ کی جانب سے فراہم کیا گیا تھا، جبکہ اس کے ڈبے کو معروف میوزک بینڈ میٹالیکا کے البم کور سے مشابہ ڈیزائن دیا گیا تھا۔
انہوں نے 21 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹہ، 44 منٹ اور 40 سیکنڈ میں طے کیا، جو ان کے مقررہ ہدف ایک گھنٹہ 45 منٹ سے بھی کم وقت تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لائبو 2؛ ایک ہی چارج میں میراتھن مکمل کرنے والا دنیا کا پہلا چوپایا روبوٹ
اسٹیون ایرکسن کا مقصد پیزا کا ڈبہ اٹھا کر ہاف میراتھن مکمل کرنے کا تیز ترین وقت ریکارڈ کروانا اور اپنا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کروانا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی اس منفرد کوشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دن وہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروانے کی کوشش کریں گے۔
اس کارنامے کی ایک اور دلچسپ بات یہ رہی کہ 21 کلومیٹر کی پوری دوڑ کے دوران پیزا کا ڈبہ بھی محفوظ رہا اور وہ اسے بحفاظت فنش لائن تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔
تاہم اسٹیون ایرکسن کی جانب سے قائم کیے جانے والے ممکنہ عالمی ریکارڈ کی گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی شہری مائیک کول ستمبر 2024 میں 16 انچ کا پیزا اٹھا کر مکمل میراتھن 3 گھنٹے، 14 منٹ اور 4 سیکنڈ میں مکمل کرچکے ہیں اور اس کارنامے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

















