چین کی الیکٹرانکس مارکیٹ سے استعمال شدہ اور خراب موبائل فون خرید کر پاکستان سمیت افریقی ممالک میں مرمت کے بعد فروخت کرنے کا کاروبار تیزی سے پھیل رہا ہے، مہنگے نئے فونز کے بجائے صارفین بھی پرانے اسمارٹ فونز کی طرف راغب ہورہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین کے شہر شین ژین کی ہواچیانگ بی الیکٹرانکس مارکیٹ میں پاکستان، افریقا اور بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک کے تاجر بڑی تعداد میں استعمال شدہ موبائل فون خریدتے ہیں، بعض فون ٹوٹی اسکرین یا دیگر خرابیوں کے باوجود خریدے جاتے ہیں کیونکہ انہیں اپنے ملک میں مرمت کرکے دوبارہ فروخت کیا جاتا ہے۔
پاکستانی تاجر 38 سالہ اختر محمد بھی اس کاروبار سے وابستہ ہیں، جو 2007 سے چین آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چین بھر سے خراب موبائل فون یہاں پہنچتے ہیں، جنہیں پاکستان لے جاکر ٹھیک کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں صارفین اکثر نیا فون خریدنے کے بجائے پرانے موبائل کی مرمت کو ترجیح دیتے ہیں اور ایک فون 4 سے 5 سال تک استعمال کرتے ہیں۔
چائنا ایسوسی ایشن آف سرکلر اکانومی کے تخمینے کے مطابق چین میں سالانہ 40 کروڑ سے زائد موبائل فونز استعمال کے بعد ضائع یا تبدیل کیے جاتے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں چپس کی قلت اور نئے فونز کی بڑھتی قیمتوں نے استعمال شدہ موبائل فونز کی مانگ میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں عالمی سطح پر استعمال شدہ اسمارٹ فونز کی مارکیٹ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13 فیصد بڑھ کر 15 کروڑ یونٹس تک پہنچ گئی۔
شین ژین کی مارکیٹ میں نائجیریا سمیت افریقی ممالک کے تاجر بھی بڑی تعداد میں فون خرید رہے ہیں۔ ایک نائجیریا کے تاجر نے ایک ہی دن میں تقریباً 40 استعمال شدہ موبائل فون خریدے، جنہیں اپنے ملک لے جاکر فروخت کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ بعض خریدار خراب آئی فونز بھی خرید کر مقامی سطح پر مرمت کے بعد فروخت کرتے ہیں۔
شین ژین میں استعمال شدہ موبائل فونز کی تجارت اب روایتی دکانوں سے آگے بڑھ کر منظم کاروباری مراکز کی شکل اختیار کررہی ہے۔ اے ٹی ری نیو کی جانب سے قائم پائی جی تانگ مال میں 20 ہزار سے زائد استعمال شدہ موبائل فونز موجود ہیں، جہاں خریدار کیو آر کوڈ کے ذریعے فون کی جانچ رپورٹ اور قیمت دیکھ کر خریداری کرسکتے ہیں۔ اس مرکز میں روزانہ ایک ہزار تک افراد آتے ہیں، جن میں تقریباً ایک تہائی بین الاقوامی تاجر ہوتے ہیں۔
الجزائر سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ تاجر عبدالرحیم بھی ہر ماہ دو سے تین مرتبہ چین آکر اپنے موبائل فون اور لوازمات کی دکان کے لیے سامان خریدتے ہیں، ان کے مطابق الجزائر اور چین میں فون کی قیمتوں کے فرق سے فی موبائل تقریباً 100 سے 120 یورو تک بچت یا منافع کا موقع ملتا ہے۔




















