Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

61 سالہ خاتون نے 5 گھنٹے تک پلانک کی پوزیشن برقرار رکھ کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا

ڈونا جین وائلڈ جو کہ نہ صرف فٹنس ٹریننگ کا شغف رکھتی ہیں بلکہ پیشے کے اعتبار سے ریٹائرڈ ٹیچر بھی ہیں

12 پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی دادی ڈونا جین وائلڈ کو خواتین میں سب سے زیادہ دیر تک پلانک کی پوزیشن برقرار رکھنے کا اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے کی کوشش پر سراہا جا رہا ہے۔

کینیڈا سے تعلق رکھنے والی 61 سالہ خاتون ڈونا جین وائلڈ جو کہ نہ صرف فٹنس ٹریننگ کا شغف رکھتی ہیں بلکہ پیشے کے اعتبار سے ریٹائرڈ ٹیچر بھی ہیں نے رواں ہفتے امریکی ریاست یوٹاہ میں منعقدہ ہنٹس مین ورلڈ سینئر گیمز میں پیٹ کے پٹھوں کی ورزش یعنی پلانک کی پوزیشن میں مسلسل 5 گھنٹے گزار کر اپنا ہی سابقہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

پلانک ایک ایسی ورزش ہے جس میں انسان پش اَپ کی پوزیشن اختیار کرتے ہوئے ہاتھوں کے بجائے بازوؤں کی کہنیوں اور اگلے حصے پر جسم کا وزن برقرار رکھتا ہے۔ یہ ورزش جسم کے مرکزی پٹھوں کو مضبوط بناتی ہے، جس سے کمر کی حفاظت، جسمانی انداز میں بہتری اور ریڑھ کی ہڈی سے متعلق چوٹوں کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

خیال رہے کہ ہنٹس مین ورلڈ سینئر گیمز کا مقصد 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی کھیلوں میں کامیابیوں اور صلاحیتوں کو سراہنا ہے ڈونا جین وائلڈ نے اسی گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر یہ ریکارڈ قائم کیا اس سے قبل انہوں نے 2024ء میں 4 گھنٹے، 30 منٹ اور 11 سیکنڈ تک پلانک کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: چندہ جمع کرنے کے دوران موٹر سائیکل سوار نے 4 عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے تصدیق کی کہ وائلڈ نے 21 مارچ 2024ء کو یہ ریکارڈ قائم کیا تھا، جب انہوں نے 4 گھنٹے، 30 منٹ اور 11 سیکنڈ تک پلینک کی پوزیشن برقرار رکھی تھی۔

ادارے کے مطابق اسے وائلڈ کی جانب سے نئے ریکارڈ کی کوشش کے لیے درخواست موصول ہو چکی ہے۔ تاہم، نئے عالمی ریکارڈ کا باضابطہ اعلان کرنے سے پہلے متعلقہ شواہد کا جائزہ لیا جائے گا۔

Exit mobile version