Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

 کچھ بلیوں کا رنگ زردی مائل اورنج کیوں ہوتا ہے؟ منفرد راز 60 سال بعد سامنے آ گیا

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا تعلق بلیوں کے جینز یعنی جسم کی خصوصیات طے کرنے والی موروثی معلومات سے ہے

بلیاں کسے پسند نہیں، دنیا کی ایک بڑی آبادی اسے بطور پالتو جانور اپنے گھر میں رکھتی ہے اور اس کے ساتھ وقت گزارتی ہے تاہم کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ زیادہ تر زردی مائل اورنج بلیاں نر کیوں ہوتی ہیں جبکہ مادہ بلیوں میں اورنج، سیاہ اور سفید رنگ اکثر ایک ساتھ نظر آتے ہیں؟

سائنس دانوں نے 60 سال کی تحقیق کے بعد اس راز کو پا لیا ہے کہ بلیوں کا رنگ اورنج کیوں ہوتا ہے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا تعلق بلیوں کے جینز (Genes) یعنی جسم کی خصوصیات طے کرنے والی موروثی معلومات سے ہے۔

اورنج رنگ کیسے جنم لیتا ہے؟

محققین کی دو الگ الگ ٹیموں نے دریافت کیا کہ بلیوں کی اورنج کھال کا تعلق آرھگیپ 36 نامی جین سے ہے سائنس دانوں کے مطابق بلی کے ڈی این اے میں ایک چھوٹا سا حصہ غائب ہونے سے یہ جین غیر معمولی طور پر زیادہ سرگرم ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلیاں اچانک کھانا کیوں چھوڑ دیتی ہیں؟ سائنسدانوں نے حیران کن وجہ بتادی

اس تبدیلی کے نتیجے میں کھال میں رنگ پیدا کرنے والے مادوں کا توازن بدل جاتا ہے جس سے اورنج یا زرد رنگ زیادہ نمایاں ہو جاتا ہے اس تحقیق میں محققین نے 188 بلیوں کے جینیاتی ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اورنج رنگ کی بلیوں میں ڈی این اے کے اسی حصے کی کمی دیکھی۔

 نر بلیاں زیادہ تر اورنج کیوں ہوتی ہیں؟

اس کی وجہ بلیوں کے کروموسومز ہیں کروموسومز جسم کے خلیوں میں موجود وہ ساختیں ہیں جن میں جینیاتی معلومات ہوتی ہیں۔

نر بلی: اس کے پاس عموماً ایک ایکس کروموسوم ہوتا ہے۔ اگر اس پر اورنج رنگ والی جینیاتی تبدیلی موجود ہو تو اس کی کھال زیادہ تر اورنج ہو سکتی ہے۔

مادہ بلی: اس کے پاس دو ایکس کروموسوم ہوتے ہیں، ایک ماں سے اور دوسرا باپ سے۔ اس کے خلیوں میں ان دونوں میں سے ایک کروموسوم عموماً غیر فعال ہو جاتا ہے۔

مادہ بلی کے کچھ خلیوں میں اورنج رنگ پیدا کرنے والا جین کام کرتا ہے، جبکہ دوسرے خلیوں میں وہ غیر فعال ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے اس کی کھال پر اورنج اور سیاہ رنگ کے مختلف دھبے سے بن سکتے ہیں۔

بہت کم صورتوں میں مادہ بلی کے دونوں ایکس کروموسومز پر اورنج رنگ والی تبدیلی موجود ہوتی ہے، جس سے وہ بھی مکمل اورنج ہو سکتی ہے۔

کیلیکو اور ٹورٹوئس شیل بلیوں میں کیا فرق ہے؟

کیلیکو بلی

اس کی کھال پر اورنج، سیاہ اور سفید رنگ کے واضح دھبے ہوتے ہیں۔

ٹورٹوئس شیل بلی

اس کی کھال میں عموماً اورنج اور سیاہ رنگ ملے جلے ہوتے ہیں، جبکہ سفید رنگ بہت کم یا بالکل نہیں ہوتا۔

کیلیکو بلیوں میں ایک اضافی جینیاتی تبدیلی سفید دھبے پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے۔

 کیا اورنج بلیاں واقعی کم عقل ہوتی ہیں؟

انٹرنیٹ پر اورنج بلیوں کے بارے میں اکثر مذاق کیا جاتا ہے کہ وہ دوسری بلیوں کے مقابلے میں کم ذہین ہوتی ہیں۔

لیکن سائنس دانوں کے مطابق اس بات کا کوئی مضبوط سائنسی ثبوت نہیں کہ اورنج رنگ کا تعلق کم ذہانت سے ہے۔

تحقیق میں یہ بھی نہیں ملا کہ اورنج  رنگ پیدا کرنے والی جینیاتی تبدیلی بلیوں کی صحت یا ذہنی صلاحیتوں کو واضح طور پر نقصان پہنچاتی ہے۔

Exit mobile version