ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بلیاں اپنے مالکان کی موجودگی میں زیادہ میاؤں کرتی ہیں تاکہ ان کی توجہ حاصل کر سکیں اور اپنی مشکلات کا حل نکال سکیں۔
اگر آپ کی بلی بار بار میاؤں کرتی ہے تو ممکن ہے وہ صرف اپنی ناراضی کا اظہار نہیں کر رہی بلکہ آپ کی توجہ حاصل کرکے کسی مسئلے کا حل بھی چاہتی ہو۔
برازیل کی یونیورسٹی آف ساؤ پاؤلو کے محققین نے یہ تحقیق 38 پالتو بلیوں پر کی جس کے نتائج سائنسی جریدے انیمل بیہیویئر میں شائع ہوئے ہیں۔
تحقیق کے دوران بلیوں کے سامنے ایک پلاسٹک کے ڈبے میں ان کی پسندیدہ خوراک رکھی گئی، لیکن ڈبہ اس طرح بند تھا کہ وہ خود خوراک باہر نہیں نکال سکتی تھیں۔

محققین نے دیکھا کہ جب بلیوں کے مالک کمرے میں موجود تھے تو بلیوں نے زیادہ آوازیں نکالیں، جبکہ اکیلے ہونے کی صورت میں وہ زیادہ خاموش رہیں۔
تجربے کے دوران مالک کی موجودگی میں بلیوں نے 86 مرتبہ میاؤں کیا، جبکہ اکیلے ہونے پر صرف 20 مرتبہ آواز نکالی۔
محققین کے مطابق بلیاں میاؤں کرتے ہوئے اپنے مالک اور خوراک کے ڈبے کی طرف دیکھتی تھیں، جیسے وہ اسے اپنی مشکل سمجھانے اور مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔
تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جب کمرے میں کوئی انسان موجود نہیں تھا تو بلیاں زیادہ وقت دروازے کی طرف دیکھتی رہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بلیوں کا میاؤں کرنا صرف آواز نکالنا نہیں بلکہ انسانوں سے بات چیت اور اپنی ضرورت ظاہر کرنے کا ایک طریقہ بھی ہو سکتا ہے۔
تاہم محققین نے واضح کیا کہ اس تحقیق میں صرف 38 بلیوں کو شامل کیا گیا تھا، اس لیے ان نتائج کو تمام بلیوں پر لاگو نہیں کیا جا سکتا۔
مستقبل میں مزید تحقیق کے ذریعے یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ بلیاں خوراک، پیار یا مدد مانگنے کے لیے مختلف قسم کی آوازیں نکالتی ہیں یا نہیں۔




















