Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے بعد کمی ہوگئی

اسلام آباد: مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے بعد 0.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد وشمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.08 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 12.75 فیصد پر آگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ہفتے 15 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 28 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

مہنگی ہونے والی اشیاء

ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 7 روپے تک اضافہ ہوا جب کہ ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 29 روپے تک مہنگا ہوا۔

ایک ہفتے میں ایل پی جی کا فی گھریلو سلنڈر 8 روپے تک مہنگا ہوا جب کہ دال چنا، گڑ، جلانے کی لکڑی، آلو، گھی اور خوردنی تیل بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

سستی ہونے والی اشیاء

گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 29 روپے تک کمی ہوئی، چینی فی کلو دو روپے تک سستی ہوئی جب کہ زندہ مرغی فی کلو چار روپے تک سستی ہوئی۔

علاوہ ازیں انڈے فی درجن 81 پیسے سستے ہوئے جب کہ کیلا، دال ماش، دال مونگ اور دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں