Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن ہر اختیار استعمال کرے گا، چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن دھاندلی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا اور  شفاف انتخابات کیلئے ہر اختیار استعمال کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت تین رکنی کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں بےضابطگیوں سے متعلق جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے پر الیکشن کمیشن کے شکر گزار ہیں، دھاندلی کا الزام نہیں لیکن بےقاعدگیاں ہوئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ6 یوسیز کی نشاندھی الیکشن کمیشن کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، ووٹوں کی گنتی کے دوران 2 ہزار ووٹوں کی غلط گنتی کی کیونکہ یوسی 12 منگھو پیر میں 4539 ووٹ کاسٹ ہوئے اور  ووٹوں کی گنتی میں 700 ووٹ زیادہ دکھائے گئے۔

انہوں نے  بتایا کہ ہمارے پاس یو سیز کے فارم 11 موجود ہیں جن میں غلط گنتی سے جماعت اسلامی کو ہرایا گیا اور جاری شدہ فارم 11 میں سنگین غلطیاں اور بےضابطگیاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر نے گنتی کے دوران پولنگ ایجنٹس کو شامل نہیں کیا اور پولنگ کے بعد ووٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ فارم 11 سب سے اہم دستاویز ہے اور فارم 11 جاری کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے سخت ہدایات جاری کیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے طور پر نتائج مرتب کیے ہیں تاہمفارم 11 میں جو غلطیاں ہیں اس کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے، تھوڑا وقت لگے گا لیکن الیکشن کمیشن چیزیں ٹھیک کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے سخت مذاہمت کے باوجود صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرائے تاہم کراچی میں پر امن انتخابات پر سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن بےضابطگیوں پر سخت سزائیں دیتا ہے،ڈسکہ ضمنی الیکشن میں بے ضابطگیوں پر سخت کارروائی کی لیکنبدقسمتی سے کچھ مقامات پر الیکشن کمیشن کے ہاتھ باندھ دیے جاتے ہیں، سیاسی جماعتیں بے ضابطگیوں کی نشاندھی کریں گی تو الیکشن کمیشن سنے گا۔

بعدازاں الیکشن کمیشن کی جماعت اسلامی کو 6 یوسیز کے فارم 11 جمع کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دونوں نتائج کا موازنہ کر کے فیصلہ کریں گے اور جہاں الیکشن کمیشن کی غلطی ہوگی اس کو فوری درست کریں گے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے وکیل نے بتایا کہ کچھ جگہ پر ووٹوں کے ڈبے اٹھا لیے گئے تھے جس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اس کی نشاندھی کریں وہاں دوبارہ الیکشن کرادیں گے اور ایک دن میں فارم 11 کا موازنہ کر کے فیصلہ کردیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہالیکشن کمیشن دھاندلی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گا اور شفاف انتخابات کیلئے ہر اختیار استعمال کرے گا،تمام فریقین بے ضابگیوں کے ثبوت لیکر آئی سب کو سنیں گے۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے براہ راست اعتراضات سننے ہیں تو الیکشن ٹریبونلز کو بند کردیں،ایسی روایت نہ بنائی جائے کہ ہر درخواست الیکشن کمیشن پہنچ جائے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے موجودہ آرمی چیف شفاف انتخابات کروائیں گے، عمران خان

متعلقہ خبریں

Exit mobile version