Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سائفر کیس؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت منتقلی کے وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔

سماعت کے آغاز پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیرافضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ ہماری درخواست پر دو اعتراضات عائد کیے گئے ہیں، اعتراض ہے کہ ہم نے ایک ہی درخواست میں ایک سے زیادہ استدعا کیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ اِس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ میں اعتراضات دور کر دیتا ہوں، آپ میرٹ پر دلائل دیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا عدالت کا وینیو تبدیل کیا گیا ہے؟ جس پر وکیل شیر افضل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عدالت جیل منتقل کرنے کا کوئی اجازت نامہ موجود نہیں، وزارت قانون نے عدالت منتقل کرنے کا ایک این او سی جاری کیا۔

عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ کا آرڈر کیا، آرڈر پر تاریخ ہی موجود نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو 30 اگست کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

وکیل نے کہا کہ اُس عدالت کے حکم کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے تھا، یہ آرڈر ملزم کی عدم موجودگی میں خفیہ طور پر کیا گیا، یہ جوڈیشل آرڈر تھا جس سے ہمیں آگاہ کیا جانا چاہیے تھا، وزارت قانون نے بتایا ہی نہیں کہ کس قانون کے تحت عدالت منتقلی کا این او سی دیا، وزارت قانون نے سپریم کورٹ کے اختیارات استعمال کیے۔

شیرافضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکم دیا، ضمانت کے آرڈرز کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں مزید نہیں رکھا جا سکتا تھا۔

وکیل نے دلائل دیے کہ اگر ٹرائل اٹک جیل میں ہوتا ہے تو چیئرمین پی ٹی آئی کو اس عدالت کے دائرہ اختیار سے نکال رہے ہیں، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیسز کی متعلقہ عدالت مجسٹریٹ کی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کو آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمات کا اختیار دینا غلط ہے، استدعا ہے کہ نوٹس جاری کر کے اس پر بھی جواب طلب کر لیا جائے۔، جس یر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ میں آپکی درخواست پر نوٹس جاری کر دیتا ہوں۔

شیرافضل مروت نے کہا کہ یہ جلدی والا معاملہ ہے تو کیس آئندہ ہفتے دوبارہ مقرر کر دیا جائے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیس کی آئندہ سماعت اگلے ہفتے ہی کر لیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version