اسلام آباد: محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تعیناتی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی ہے۔
محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ تعیناتی غلط ہوئی ہے؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آئین کے مطابق منتخب اور نگران وزیراعظم میں فرق ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا پیٹرن ان چیف نہیں ہو سکتا، چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا اختیار بطور پیٹرن ان چیف وزیراعظم کے پاس ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ تو آپ کہہ رہے ہیں کہ نگران وزیراعظم کے پاس یہ اختیار نہیں تھا۔
آرڈر لکھواتے درخواست گزار کے وکیل کے بولنے پر چیف جسٹس عامر فاروق نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ آرڈر لکھوانے کے دوران بول رہے ہیں تو میں نہیں لکھواتا، میرے آرڈر کا انتظار کریں۔
