Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توشہ خانہ کا نیا ریفرنس: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

راولپنڈی: احتساب عدالت نے توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانے کے نئے ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی جبکہ بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کے وکلاء ایڈووکیٹ چوہدری ظہیر عباس اور عثمان گل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر نیب ٹیم کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ وکلاء صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کردی۔

عدالت نے نیب ٹیم اور وکلاء صفائی کے دلائل سننے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے 22 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں نیب کی جانب سے 14 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جس کے بعد عدالت کی جانب سے 6 دن کا ریمانڈ دیا گیا تھا، تاہم 20 جولائی کو القادر ٹرسٹ میں مصروفیت کے باعث بانی پی ٹی آئی کی طرف سے ریمانڈ میں 2 دن کے اضافے کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ریمانڈ میں مزید 2 دن کا اضافہ کرتے ہوئے 22 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version