راولپنڈی: احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
احتساب عدالت راولپنڈی کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نئے توشہ خانہ ریفرنس کیس کی سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر، نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون اور پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
نیب حکام نے اپنے مؤقف میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی شامل تفتیش ہو گئے ہیں، ہاتھ سے لکھا ہوا بیان تفتیشی ٹیم کے حوالے کر دیا ہے جبکہ بشریٰ بی بی کا تحریری بیان بھی نیب ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بعدازاں عدالت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
