Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کیس میں پرویزالہیٰ کو دوبارہ نوٹس جاری

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کیس میں سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر عدالتی عملہ نے کہا کہ پرویز الہیٰ کو نوٹس جاری ہوا تھا لیکن تعمیل نہیں ہوسکی تھی۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں اب کچھ رہ گیا ہے؟ جس فیصلے پر نظرثانی چاہ رہے وہ آرٹیکل 63 اے والے کیس کی بنیاد پر تھا، آرٹیکل 63 اے والا فیصلہ ہی ختم ہوگیا تو اس کیس میں کیا بچا ہے؟

وکیل حمزہ شہباز حارث عظمت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب الیکشن کیس کا فیصلہ اب بھی برقرار ہے۔

بعدازاں عدالت نے حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کیس میں پرویز الہیٰ کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version