لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت تحریک انصاف کے چار رہنمائوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پانچ اکتوبر کو پی ٹی آئی کے لاہور میں احتجاج کے دوران پولیس پر تشدد کے کیس میں جاری کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں علی امین گنڈاپور، حماد اظہر، سعید سندھو اور شہباز احمد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے لاہور پولیس کی درخواست پر جاری کیے۔
پولیس نے وارنٹ گرفتاری کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور، حماد اظہر، سعید سندھو اور شہباز احمد کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے، ملزمان شامل تفتیش نہیں ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کے تھانہ مستی گیٹ کی پولیس نے علی امین گنڈا پور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
