چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈاسمتھ نے کہا ہے کہ پاکستان میری شخصیت کا حصہ ہے۔
حال ہی میں چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈاسمتھ نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ’ میں نے پاکستان کو ایسا خوبصورت دکھایا ہے جیسا میں اسے جانتی ہوں، فلم ’واٹس لَو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ پاکستان کے لیے محبت بھرا خط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ میں ایسی فلم بنانا چاہتی تھی، جو پاکستان کی پذیرائی پر مبنی ہو، میں پاکستان کو رنگوں سے بھرا، خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی ‘۔
یہ بھی پڑھیں؛ جمائما پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر کی مہم سے متاثر
جمائما نے کہا کہ’ پاکستان میں تھی تو سوچتی تھی کہ مغربی اسکرین پر پاکستان کو کس طرح دکھایا جاتا ہے۔ زیرو ڈارک تھرٹی اور ہوم لینڈ جیسی مغربی فلموں میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ مسلمانوں اور پاکستانیوں کو منفی دکھایا جاتا ہے ‘۔
عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے کہا کہ ’ مجھے موقع ملا میں پاکستان سے متعلق رومانوی اور مزاح سے بھرپور فلم بنا سکوں، اس فلم میں بہترین اداکاروں کو شامل کیا گیا، اس میں سجل علی جیسی خوبصورت اور قابل پاکستانی اداکارہ شامل ہیں، بھارت سے شبانہ اعظمی جیسی بڑی اداکارہ بھی فلم میں اداکاری کر رہی ہیں ‘۔
انہوں نے کہا کہ’میں پاکستان کو اپنے اور آپ جیسا دکھا سکوں اور میں پُرامید ہوں یہ فلم پاکستان کے نام میرا ’لَو لیٹر‘ ثابت ہوگی۔ ایسی سرزمین جہاں میں نے ابتدائی زند گی گزاری، 20 سال کی عمر میں آئی اور 10 سال وہیں رہی ‘۔
یہ بھی پڑھیں؛ جمائما بھی راحت فتح علی خان کی موسیقی کی دیوانی ہوگئیں
جمائما نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میری شخصیت کا حصہ ہے، مجھے اس ملک سے والہانہ لگاؤ ہے، پاکستان میں میرے بہت دوست ہیں، مجھے وہاں بہت محبت ملتی ہے، اس معاملے میں میں بہت خوش نصیب ہوں ‘۔
