Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریلیز کے 25 سال بعد ٹائی ٹینک ایک بار پھر سینما گھروں کی زینت بن گئی

مقبول ترین ہالی ووڈ فلم ٹائی ٹینک ریلیز کے 25 سال بعد ایک بار پھر سینما گھروں کی زینت بن گئی۔

ٹائی ٹینک فلم کو 1997 میں ریلیز کیا گیا تھا جو مسلسل 4 ماہ تک سینما میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم بنی تھی۔

اس فلم کی ریلیز کو صدی کا چوتھائی حصہ گزرنے کے بعد اب اسے دوبارہ امریکا سمیت متعدد ممالک کے سینما میں پیش کردیا گیا اور فلم کی ٹیم کی امید ہے کہ فلم ایک بار پھر ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔

 فلم کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے فلم کو دوبارہ ریلیز کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب وہ اسی فلم کو دوبارہ بنائیں گے تو اس میں تھوڑی تبدیلی لائیں گے۔

فلم کو 25 سال مکمل ہوگئے ہیں مگر اب بھی لوگوں کی جانب سے یہ سوال سامنے آتا ہے کہ جب روز (ہیروئین) کو بچایا جاسکتا تھا تو جیک (ہیرو) کو اس تختے پر جگہ دے کر زندہ کیوں نہیں رکھا گیا۔

اسی سوال سے متعلق فلم کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون کا کہنا ہے کہ ٹائی ٹینک کے اختتام پر دکھائے جانے والے تختے میں 2 افراد چڑھ کر زندہ نہیں بچ سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک سائنسی تحقیق اس لیے کی تاکہ اس بحث کا خاتمہ ہوسکے، ہم نے ایک ماہر کے ساتھ باقاعدہ فرانزک تجزیہ کیا اور اس بارے میں ہم فروری 2023 میں کچھ خاص ریلیز کرنے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تجزیے کے لیے 2 افراد کی خدمات حاصل کیں جن کا جسمانی حجم کیٹ ونسلیٹ اور لیونارڈو ڈی کیپریو جیسا تھا اور ان کے جسم میں متعدد سنسرز نصب کیے گئے۔

ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے بتایا کہ اس کے بعد ہم نے برفانی پانی میں متعدد طریقوں کی آزمائش کر کے یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ دونوں تختے پر زندہ رہ سکتے تھے یا نہیں، نتائج سے واضح ہوا کہ صرف ایک ہی زندہ بچ سکتا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جیک کو مرنے کی ضرورت تھی، یہ فلم محبت اور قربانی کے گرد گھومتی تھی اور محبت کا پیمانہ قربانی تھی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version