Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

معروف پاکستانی اداکار انتقال کر گئے

معروف پاکستانی اداکار وسیم انصاری انتقال کر گئے ہیں۔

مزاحیہ پروگرام میں سابق صدر پرویز مشرف کی پیروڈی کرنے والے معروف اداکار وسیم انصاری یوٹیلٹی بل جمع کرانے گھر کے قریبی بینک گئے جہاں سے واپسی میں وہ اچانک گر پڑے اور ان کا انتقال ہو گیا۔

وسیم انصاری کے بیٹے کاشان انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والد صاحب بیمار نہیں تھے البتہ انہیں اپنے فلیٹ کے مقدمے کی ٹینشن تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فلیٹ پر قبضہ ہوا ہم کرائے کے گھر میں آگئے، میں اکیلا کمانے والا ہوں اس بات کی پریشانی بھی انہیں رہتی تھی۔

کاشان انصاری نے کہا کہ ٹینشن کی وجہ سے انہیں شوگر اور بلڈ پریشر کی شکایت رہتی تھی لیکن اس سے زیادہ انہیں اپنے فلیٹ کی فکر کھائی جاتی تھی جس کی وجہ سے وہ چیزیں بھولنے بھی لگے تھے۔

وسیم انصاری کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ کے قریب جامع مسجد مریم میں ادا کی گئی جس میں چیئرمین آرٹس فاؤنڈیشن محمد فیصل ندیم اور ساتھی فنکاروں سمیت عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد وسیم انصاری کو گلستان جوہر کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

واضح رہے کہ وسیم انصاری نجی چینل کے پروگرام ”ہم سب امید سے ہیں“ میں سابق صدر پرویز مشرف کی پیروڈی کرتے تھے۔