بالی ووڈ کے کنگ خان کے متعلق گزشتہ روز سے ایک خبر سوشل میڈیا پر کافی گردش کر رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ شوٹنگ کے دوران اداکار زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں سرجری کے لئے اسپتال لے جایا گیا۔
تاہم تازہ ترین رپورٹس کے مطابق سپر اسٹار کے زخمی ہونے کی تمام خبریں غلط اور جھوٹی قرار دے دیں گئیں ہیں۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے، اداکار کے قریبی ذرائع نے بتایا، “شاہ رخ خان اور ان کی صحت کے بارے میں خبریں مکمل طور پر غلط ہیں۔ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔”
اس سے قبل اداکار کو اپنی بیوی گوری خان اور چھوٹے بیٹے ابراہم کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا جہاں کنگ خان نے پاپرازی کی جانب سے ان کی صحت کے متعلق کئے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی وہ کسی تصویر کے لئے پوز دیتے ہوئے نظر آئے۔
اس موقع پر اداکار کے چہرے پر کسی بھی قسم کے زخمی ہونے کا کوئی نشان نہیں دیکھا گیا تاہم اس خبر کے بعد ان کے مداح خوش ہیں کہ وہ ٹھیک ہیں۔ انہیں سوشل میڈیا پر اسی حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ خبریں تھیں کہ بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان لاس اینجلس میں ایک پروجیکٹ کی شوٹنگ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے اور جو حادثہ پیش آیا اس کے نتیجے میں انہیں ناک میں چوٹ آئی جس کے لیے فوری طور پر معمولی سرجری کی ضرورت تھی۔
وہ جس پروجیکٹ کی شوٹنگ کر رہے تھے اس کا ابھی تک انکشاف نہیں ہوا ہے۔ لہٰذا، حادثے کے بارے میں کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی گئی تھیں۔















