بھارت میں متنازعہ فلم ’’72 حوریں‘‘ کو آج ریلیز کیا جائے گا جس کے خلاف ایک شخص نے پولیس میں شکایت درج کروادی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق ممبئی سے تعلق رکھنے والے ایک سماجی کارکن نے بالی وڈ کی متنازعہ ہندی فلم ’’72 حوریں‘‘ بنانے والوں کے خلاف پولیس کے پاس تحریری شکایت درج کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شکایت میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور بھارت کو مذہبی بنیادوں پرتقسیم کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ممبئی کے نواحی علاقے گورگاؤں پولیس اسٹیشن میں سماجی کارکن نے شکایت درج کرائی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل علی کاشف خان نے بتایا کہ سماجی کارکن نے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کے پاس بھی شکایت درج کرائی ہے جس میں فلم کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ اگرچہ انہیں شکایت موصول ہوئی ہے لیکن ابھی تک کوئی ایف آئی آردرج نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ متنازعہ ہندی فلم ’’72 حوریں‘‘ کی ہدایت کاری سنجے پورن سنگھ کی ہے جب کہ یہ فلم آج جمعہ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔















