اداکار انوپم کھیر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی 538 ویں فلم میں شاعر، فلسفی اور مضمون نگار رابندر ناتھ ٹیگور کا کردار ادا کریں گے۔
حال ہی میں اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نئی فلم کے کردار کی پہلی جھلک شیئر کی ہے جسے ان کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔
بلیک اینڈ وائٹ تصویر میں، انوپم نے رابندر ناتھ ٹیگور جیسا لباس پہنا ہوا ہے، ان کے سفید بال اور لمبی داڑھی بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے، انوپم نے اس کا کیپشن دیا، “اپنے 538 ویں پروجیکٹ میں گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کی تصویر کشی کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ مناسب وقت پر تفصیلات ظاہر کروں گا۔ یہ میری خوش نصیبی ہے کے مجھے گرودیو کو پردے پر پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ جلد ہی اس فلم کی مزید تفصیلات آپ سب کے ساتھ شیئر کروں گا۔‘‘
خیال رہے کہ رابندر ناتھ ٹیگور پہلے ہندوستانی تھے جنہوں نے 1913 میں ادب کا نوبل انعام جیتا تھا۔ انہوں نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے قومی ترانے لکھے اور بہت سے گیت لکھے جنہیں رابندر سنگیت کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ وہ بہت سے ناموں سے جانے جاتے ہیں، بشمول گرودیو، کبیگورو، اور بسواکابی، اور انہیں عام طور پر ‘the Bard of Bengal’ کہا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں شائقین انوپم، ہدایت کار انوراگ باسو کی آنے والی انتھولوجی فلم میٹرو ان ڈینو میں نظر آئیں گے۔ فلم میں آدتیہ رائے کپور، سارہ علی خان، کونکنا سین شرما، پنکج ترپاٹھی، فاطمہ ثنا شیخ، علی فضل اور نینا گپتا نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔ یہ 29 مارچ 2024 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے تیار ہے۔
