امریکہ کی معروف سپر ماڈل گیگی حدید کو جزائر کیمین میں منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق 28 سالہ سپر ماڈل گیگی حدید کو مبینہ طور پر اوون رابرٹس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ نجی طیارے کے ذریعے اپنی ایک دوست کے ساتھ جزائر کیمین پہنچی تھیں۔

خبر رساں ادارے کیمین مارل روڈ پر شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق حدید اور ان کے دوست کے نجی طیارے کے ذریعے پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد کسٹم حکام کو مبینہ طور پر ان کے سامان سے منشیات اور اس کے استعمال کے برتن ملے۔
ایئرپورٹ حکام نے ماڈل گیگی حدید اور اس کے دوست کو منشیات اور اس کے لئے استعمال ہونے والے برتنوں کی درآمد کے شبہ میں گرفتار کیا گیا، جس کے بعد انہیں قیدی حراستی مرکز لے جایا گیا، جہاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
کیمن مارل روڈ کے مطابق دونوں مسافروں کے سامان میں منشیات اور اس کے استعمال کا سامان برآمد ہوا مزید یہ کہ یہ ان کے سامان کی تلاشی کے دوران ہوا اور مقدار کم سے کم تھی اور ذاتی استعمال کے لئے معلوم ہوتی تھی۔
خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گیگی حدید اور ان کی دوست میک کارتھی عدالت میں پیش ہوئیں اور ان پر فرد جرم عائد کی گئی۔ ان میں سے ہر ایک پر ایک ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا، لیکن کوئی سزا ریکارڈ نہیں کی گئی تھی۔