پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو سرکاری اعزازات سے نوازا گیا ہے۔
ان شخصیات میں ممتاز اداکار خالد بن شاہین کا نام بھی شامل ہے جنہیں فنون لطیفہ میں امتیازی کارکردگی پر تمغہ امتیاز دیا گیا ہے۔
جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر اس اعزاز کے اعلان پر پروڈیوسر اور اداکار خالد بن شاہین نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر کسی بھی فن کار کی صلاحیتوں کا سراہا جانا یقیناً حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور میں اس اعزاز کو اپنے سینے پر سجاتے ہوئے فخر محسوس کروں گا کیونکہ یہ میرے ملک کی طرف سے دیا جانے والا تمغہ ہے۔
اداکار نے اس اعزاز کو پانے پر اپنے دوستوں اور چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب آپ کی دعاؤں اور محبتوں کی بدولت ہے۔
ڈاکٹر خالد بن شاہین ٹی وی پر 35 سے زیادہ سیریلز اور متعدد طویل دورانیے کے ڈراموں کے ساتھ ایک متاثر کن پورٹ فولیو کے حامل ہیں۔
شوبز انڈسٹری میں 30 سال سے مصروف خالد بن شاہین نے نوے کی دہائی میں زی ٹی وی کے سوپ سیریل ’داستان‘ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
ان کے کریڈٹ پر پی ٹی وی کے متعدد ناقابل فراموش ڈرامے ہیں، جن میں باادب باملاحظہ ہوشیار، انارکلی، بابر، زندگی، پیلا پانی، قصہ چہار درویش، ہوائیں، جبکہ نجی چینلز پر ننگے پاؤں، یادیں، ساحل، جنت، جیٹھانی، ماں صدقے، دل تو بھٹکے گا، تو جو نہیں، بچھو، جدا ہوئے کچھ اس طرح، قسمت، میرا ہمدم اور تعبیر قابل ذکر ہیں۔
واضح رہے کہ آج 14اگست کو اناونس کیے گئے اعزازات 23 مارچ کو سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی تقریب میں دیے جائیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















