بالی وڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی فلم ویلکم 3 مشکل کا شکار ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکار اکشے کمار کی ہٹ فلم ’ویلکم‘ کی تیسری انسٹالمنٹ’ویلکم ٹو دی جنگل (ویلکم 3)‘ کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اکشے کمار نے حال ہی میں فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل(ویلکم 3)‘ کا ایک مزاحیہ ٹیزر ریلیز کیا ہے۔
تاہم اب فیروز ناڈیاڈوالا کی جانب سے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینے ایمپلائیز (FWICE) کی طرف سے اٹھائے گئے واجبات کی عدم ادائیگی کی بنا پر فلم کی پروڈکشن روک دی گئی ہے۔
فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینے ایمپلائیز (FWICE) نے ویاکم 18 کے سی ای او جیوتی دیشپانڈے اور فیروز ناڈیاڈوالا کی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل (ویلکم 3)‘ میں شامل مختلف اداکاروں اور تکنیکی ماہرین سے ملاقات کی ہے۔
فیڈریشن اس بات پر زور دے رہی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کارروائی کریں کہ پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا فلمساز انیس بزمی کو واجب الادا ادائیگیوں کا تصفیہ کریں کیونکہ ان کے چیک باؤنس ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ فیڈریشن نے 3 سال پہلے بھی فیروز ناڈیاڈوالا کے خلاف عدم تعاون کا نوٹس جاری کیا تھا۔
فیڈریشن کے صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ہم نے اکشے کمار اور دیشا پٹانی سمیت فلم کے تمام اداکاروں کو مطلع کر دیا ہے کہ فیروز ناڈیاڈوالا کو نادہندہ ادائیگیوں کے لیے عدم تعاون کا نوٹس جاری کیا گیا ہے اور اسی لیے اس وقت تک فلم کی شوٹنگ نہ کریں جب تک کہ واجب الادا رقم ادا نہ کردی جائے۔
علاوہ ازیں بیان میں وضاحت دی گئی کہ تکنیکی ماہرین کے لیے 2 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے اس فلم کو اگلے برس کرسمس کے موقع پر 20 دسمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا جا چُکا ہے۔
واضح رہے کہ اس فلم میں روینہ ٹنڈن، سنجے دت، سنیل شیٹی، پاریش راول، دیشا پٹانی، اور کئی دیگر مشہور اداکاروں پر مبنی ایک شاندار کاسٹ شامل ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
