Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شوبز شخصیات کا مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی خودکشی پر اظہارِ افسوس

معروف پاکستانی شوبز شخصیات نے عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی خودکشی پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

اداکارہ صبا قمر نے سوشل میڈیا کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مولانا طارق جمیل سے ان کے بیٹے کے انتقال پر تعریت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

اداکار احمد علی بٹ نے مولانا طارق جمیل کی ان کے بیٹے کے ساتھ تصویر شئیر کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ میزبان اور اداکارہ شائستہ لودھی نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ بچے کو کھونا کسی بھی والدین کے لیے مشکل وقت ہوتا ہے، اس نقصان کا درد اور دکھ ناقابل تصور ہے اور اس مشکل وقت میں ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ مرحوم کو جنت میں اعلیٰ درجہ نصیب فرمائے۔

اداکارہ مشی خان نے لکھا کہ یہ بہت بُری خبر ہے، طارق جمیل صاحب سے میری دلی تعزیت، اللہ تعالیٰ ان کے بیٹے کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقے تلمبہ میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

مولانا طارق جمیل نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر 29 اکتوبر کی شب بیٹے کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

پوسٹ میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے، اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔

بعد ازاں مرحوم کے بڑے بھائی مولانا یوسف جمیل نے ویڈیو پیغام میں عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا بھائی عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کا مریض تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ عاصم جمیل کی بیماری میں پچھلے 6 ماہ سے شدت آگئی تھی، بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے عاصم کو الیکٹرک شاک لگائے جارہے تھے لیکن الیکٹرک شاک دینے سے بھی کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وہ اتفاقاً گھر میں اکیلے تھے، تکلیف اور اذیت برداشت نہیں کرسکے اور عاصم نے گیٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکار سے بندوق لے کر خود کو گولی مارلی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں