دیگر ممالک کی طرح پاکستانی سنیما بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے جس کی وجہ سے نئی کہانیاں بین الاقوامی فلمی میلوں میں حصہ بھی لے رہی ہیں اور اس سال ریڈ سی فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم ’وکھری‘ اور ’ان فلیمز‘ کی نمائش کی گئی۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کا شمار سنیما کی دنیا کے ایک اور بڑے فیسٹیول میں کیا جاتا ہے جو کہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا جس میں دنیا بھر سے فلمی ستاروں نے اپنی شرکت کو یقینی بنایا اور اس دوران اچھی اور بہترین فلموں کی نمائش بھی کی گئی۔
فلم فیسٹیول کے فاتحین کا اعلان جمعرات کو کیا گیا اور پاکستانی فلم ساز، ضرار خان کی ان فلیمز نے بہترین فیچر فلم کا گولڈن یوسر کا ایوارڈ جیتا۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول میں پاکستانی ستارے اور مشہور شخصیات بھی شریک ہوئیں جس میں ماہرہ خان، ہمایوں سعید، احد رضا میر اور دیگر کو تقریب میں شرکت کرتے دیکھا گیا۔
تقریب کے دوران ہالی ووڈ کی شخصیات جن میں جانی ڈیپ، ول اسمتھ، شیرون سٹون، مشیل ولیمز، فریڈا پنٹو، جوئل کنامن، پاز ویگا، صوفیہ ورگارا اور باز لوہرمن نے شرکت کی۔
