بھارت کی مشہور و معروف ماڈل دیویا پاہوجا کو ایک ہوٹل میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ ماڈل دیویا پاہوجا کو حال ہی میں ایک ملزم کے مبینہ مقابلے میں ہلاکت کے کیس میں 7 سال بعد ضمانت ملی تھی جس کے بعد گزشتہ روز انہیں ایک ہوٹل میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے انہیں 2016ء میں ایئر پورٹ کے قریب ایک ہوٹل میں ان کے دوست اور ایک خطرناک گینگسٹر کے مبینہ جعلی مقابلے میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
7 سال جیل میں گزارنے کے بعد دیویا پاہوجا کو جون 2023ء میں بمبئی ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا، عدالت نے اُن کو طویل قید اور متوقع طویل ٹرائل کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے مالک ابھیجیت سنگھ اور 2 ملازمین سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ خاتون ماڈل کی لاش پھینکنے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ قتل کی وجوہات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔




















