بالی ووڈ کے سپر اسٹارز کرکٹ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے رہتے ہیں، کرینہ کپور خان اور سیف علی خان بھی اس ریس میں شامل ہوگئے ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں بالی ووڈ سپر اسٹارز کی جانب سے انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) میں کولکتہ ٹیم خریدینے کا باقاعدہ طور پر اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اداکارہ کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے کے متعلق بتایا ہے۔
خیال رہے کہ کولکتہ لیگ کی چھٹی اور آخری ٹیم ہے، جس میں سری نگر، چنئی اور ممبئی جیسے دوسرے شہر بھی شامل ہیں۔
ISPL میں دیگر مشہور شخصیات بھی کرکٹ ٹیموں کے مالکان ہیں، جن میں اکشے کمار، امیتابھ بچن اور ہریتھک روشن شامل ہیں۔ دریں اثناء سوریہ اور رام چرن بالترتیب چنئی اور حیدرآباد ٹیموں کے مالک ہیں۔ آئی ایس پی ایل کا انعقاد مارچ کے پہلے ہفتے میں ممبئی میں ہوگا۔
