معروف بھارتی اداکارہ و ماڈل دیویا پاہوجا کو قتل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف بھارتی اداکارہ دیویا پاہوجا کو حال ہی میں ایک ملزم کے مبینہ مقابلے میں ہلاکت کے کیس میں 7 سال بعد ضمانت ملی تھی، جس کے بعد گزشتہ روز انہیں ایک ہوٹل میں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔
خاتون ماڈل کا انڈر ورلڈ کے ساتھ تعلق 2016 میں شروع ہوا جب وہ صرف 18 سال کی تھیں، ممبئی پولیس نے انہیں 2016 میں ایئر پورٹ کے قریب ایک ہوٹل میں ان کے دوست اور ایک خطرناک گینگسٹر کے مبینہ جعلی مقابلے میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

سات سال جیل میں گزارنے کے بعد دیویا پاہوجا کو جون 2023 میں بمبئی ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔
عدالت نے خاتون ماڈل کو طویل قید اور متوقع طویل ٹرائل کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت دی تھی۔ پولیس کے مطابق ہوٹل کے مالک ابھیجیت سنگھ اور 2 ملازمین سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ خاتون ماڈل کی لاش پھینکنے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ قتل کی وجوہات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے مالک ابھیجیت سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون ماڈل تصاویر منظر عام پر لانے کی دھمکیاں دے کر پیسے وصول کر رہی تھی، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس کیس کی تفتیش جاری ہے۔




















