بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان نے بتادیا کہ ماضی میں اُن کی فلمیں فلاپ ہونے پر انہیں کیا طعنہ دیا گیا تھا۔
حال ہی میں اداکار شاہ رُخ خان کو ریکارڈ توڑ کامیابی کے پیشِ نظر نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران “انڈین آف دی ایئر” ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سال پہلے جب اُن کی فلمیں فلاپ ہوئیں تو سب نے کہا تھا کہ فلمی دُنیا میں اُن کا کیریئر ختم ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر انسان کو پُرسکون رہ کر محنت کرنی چاہیے اور ایسی محنت کا پھل بھی بہترین ہوتا ہے، میں بھی اسی طرح محنت کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک خوش مزاج انسان ہوں اور میں اپنی فلموں میں بھی ایسے کردار کرنا پسند کرتا ہوں جنہیں دیکھ کر میرے مداحوں کو اُمیدیں ملیں۔
کنگ خان نے بتایا کہ کچھ سال پہلے میری فلمیں فلاپ ہوئیں تو لوگوں نے مجھے کہا کہ بالی ووڈ میں اب تمہارا کیریئر ختم ہوگیا ہے، مجھے دُکھ ہوا لیکن اُس مشکل وقت نے مجھے سیکھایا کہ خاموشی سے محنت جاری رکھو اور پھر اپنی محنت کے اچھے نتائج کا انتظار کرو۔
شاہ رخ خان نے ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ ملنے پر کہا کہ یہ ایوارڈ ملنے پر بہت خوش ہوں لیکن میں یہاں ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں ایوارڈ ملنے سے پہلے بھی ایک بھارتی تھا اور آنے والے سالوں میں بھی بھارتی ہی رہوں گا۔




















