بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار شاہ رُخ خان نے رنبیر کپور کی سُپر ہٹ ایکشن فلم ‘انیمل’ پر کڑی تنقید کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دو روز قبل نئی دہلی میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان کو ’انڈین آف دی ایئر ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک خوش مزاج انسان ہوں اور میں اپنی فلموں میں بھی ایسے ہی کردار کرنا پسند کرتا ہوں جنہیں دیکھ کر میرے مداحوں کو اُمیدیں ملیں کیونکہ فلمی کرداروں کا معاشرے پر گہرا اثر پڑتا ہے۔
![]()
اداکار نے فلم ‘انیمل’ کا نام لیے بغیر کہا کہ میرا ماننا یہ ہے کہ فلم میں ولن کو ہیرو کے طور پر نہ دکھایا جائے، اگر میں کسی فلم میں منفی کردار کروں تو اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ میں فلم میں کتے کی موت مروں، مجھے بہت زیادہ تکلیف ہو کیونکہ منفی کردار کو ہیرو دکھانا مناسب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلموں میں بُرائی کو فروغ دینے کے بجائے اُس بُرائی کو معاشرے سے ختم کرنا دِکھانا چاہیے تاکہ اس سے فلمی شائقین پر بھی مثبت اثر پڑے اور لوگوں میں ہمت پیدا ہو۔
سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘انیمل’ کی مقبولیت میں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے تو وہیں فلم کو شدید تنقید کا بھی سامنا ہے کیونکہ فلم میں عورت پر ہاتھ اُٹھانا دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی کچھ ایسے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جن میں خواتین کی بےعزتی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ رنبیر کپور کی سُپر ہٹ فلم ‘انیمل’ 2023 میں یکم دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس فلم نے دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے۔




















