Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی کرکٹرز کا پسندیدہ موضوع بیویوں کا مذاق اڑانا ہے، ثانیہ مرزا

سابقہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کا پسندیدہ موضوع بیویوں کا مذاق اڑانا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء جاوید سے دوسری شادی کی جس کے بعد اُن کی پہلی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ پاکستانی کرکٹرز کا پسندیدہ موضوع بیویوں کا مذاق اڑانا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ’دی مرزا ملک شو‘ کی ہے جس کی میزبانی شعیب ملک اپنی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ کرتے تھے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو 10 ماہ قبل جاری ہونے والے پروگرام کی ہے جب ’دی مرزا ملک شو‘ میں سابق کرکٹر وہاب ریاض نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ شرکت کی تھی۔

وائرل ویڈیو کی شروعات وہاب ریاض کے جملے سے ہوتی ہے جہاں وہ کہتے ہیں کہ ’ہاں جی بے چاری لڑکیاں ہی معصوم ہوتی ہیں ہم تو بے چارے بُرے لوگ ہیں، لڑکوں کوئی اچھی عادت ہی نہیں ہوتی‘۔

وہاب ریاض کی بات کاٹتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ’ہمارا یہ ہے کہ ہم پیدا ہوتے ہیں، ہمیں پیار ملتا ہے، اس کے بعد ڈانٹ سے کام شروع ہوتا ہے، پہلے والدین سے پھر بیویوں سے اور پھر یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔‘

شعیب ملک کی بات مکمل ہونے کے بعد ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’میں اس شو کے ذریعے تمام لوگوں کو ایک بات کہنا چاہوں گی اور میرے خیال سے زینب (وہاب ریاض کی اہلیہ) بھی میری بات سے اتفاق کریں گی کہ پاکستان کرکٹرز کا پسندیدہ موضوع بیویوں کا مذاق اڑانا ہے۔’

ثانیہ مرزا نے وہاب ریاض اور شعیب ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کام کے لیے آپ دوسرے شو پر جائیں یہ شو اس کام کے لیے نہیں ہے۔‘

جس پر شعیب ملک کہتے ہیں کہ ’یہ مذاق نہیں ہے بلکہ یہ حقیقت ہے‘۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

Sania-Shoaib's wedding album - India Today