Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی گلوکار لائیو کانسرٹ کے دوران فلسطینوں کے حق میں بول پڑے

غزہ کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے معروف بھارتی گلوکار لکی علی نے دبئی میں اپنے لائیو کنسرٹ کے پلیٹ فارم کو اسرائیل اور جنگ زدہ خطے میں اس کے اقدامات کی مذمت کے لیے استعمال کیا ہے۔

اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے جس میں گلوکار کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’’صرف ایک ریاست ہو سکتی ہے، میں اس پر نیتن یاہو سے متفق ہوں۔ لیکن اسے فلسطین ہونا چاہیے۔’’

لکی علی کے اس بیان پر کانسرٹ میں موجود عوام نے بھرپور جوش کا اظہار کیااور ان کے موقف کی حمایت  بھی کی۔

گلوکار کے الفاظ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے لیے ردعمل تھے، جو اسرائیل اور حماس تنازع میں دو ریاستی حل کے سخت مخالف ہیں۔ نیتن یاہو اس سے قبل نقشے سے فلسطین کے تصور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے مقصد کا اظہار کر چکے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب لکی علی نے فلسطینیوں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ نومبر 2023 میں انہیں ٹویٹر پر جنگ زدہ غزہ اور فلسطین کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا لیکن پھر بھی وہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے اپنی وکالت میں ثابت قدم رہے۔

خیال رہے کہغزہ کی صورتحال تباہ کن سطح پر پہنچ چکی ہے اور وزارت صحت نے تشویشناک ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے، اسرائیل کی جارحیت سے 25,000 سے زیادہ فلسطینی متاثر ہوئے ہیں۔ صرف پچھلے 24 گھنٹوں میں، 178 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس سے تین ماہ سے زائد عرصے کے دوران ہلاکتوں کی کل تعداد 25,105 ہوگئی۔