عالمی شہرت یافتہ معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان نے ملازم پر تشدد کرنے پر سب سے معافی مانگ لی ہے۔
حال ہی میں گلوکار راحت فتح علی خان نے سماجی رابطے کی سائٹ فیس بُک پر اپنے جاری کردہ ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ میں سب سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔
https://www.youtube.com/watch?v=LEJbSc5tPOo
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں اپنے رب سے معافی کا طلبگار ہوں، اُس کے بعد اپنے خاندان، دوستوں، عزیز و اقارب، مداحوں سے بھی معافی مانگتا ہوں کیونکہ انہیں میرے اس رویے کی وجہ سے تکلیف پہنچی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اُن کی سوشل میڈیا پر تین روز قبل وائرل ہونے والی ویڈیو 9 ماہ پرانی ہے جو اُن کے مخالفین نے حال ہی میں کی جانے والی پریس کانفرنس کے بعد جان بوجھ کر شیئر کی۔
گلوکار نے بتایا کہ اس ویڈیو کی وجہ سے مجھے اپنی غلطی کا احساس بھی ہوا ہے کیونکہ بطورِ انسان اور بالخصوص آرٹسٹ مجھے ایسا رویہ نہیں رکھنا چاہیے تھا۔
راحت فتح علی خان نے کہا کہ میری مخالفت یا بائیکاٹ لوگ صرف اس لیے کررہے ہیں کہ وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں اور اس قسم کے رویے کی کبھی توقع نہیں کرتے تھے، میں اپنے تمام ساتھی گلوکاروں، میوزک انڈسٹری سے وابستہ لوگوں سے بھی معافی مانگتا ہوں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل گلوکار راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے ملازم پر تشدد کر رہے تھے۔




















