لیجنڈری اداکار متھن چکرورتی کی صحت سے متعلق افسوسناک خبر آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار متھن چکرورتی فالج کا شکار ہو گئے ہیں، اداکار کو 10 فروری کی صبح سینے میں تکلیف، اوپری اور نچلے اعضاء میں کمزوری کی شکایت کے ساتھ کولکتہ کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
اسپتال میں اداکار کے دماغ کا ایم آر آئی اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے، ایم آر آئی کی رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوا کہ انہیں دماغ کا فالج ہوا ہے جس کے بعد اُن کا علاج جاری ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ متھن چکرورتی مکمل طور پر ہوش میں ہیں، اُن کی صحت میں پہلے سے بہتری آئی ہے، اُنہیں طاقت کے لیے ڈرپس لگائی جارہی ہیں اور ساتھ ہی نرم غذا بھی دی جارہی ہے۔
ڈاکٹر نے کہا کہ متھن چکرورتی کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے سے پہلے اُن کا مزید طبی معائنہ کیا جائے گا تاکہ اداکار کو گھر جانے کے بعد کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب متھن چکرورتی کی اسپتال سے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں مغربی بنگال بی جے پی کے سربراہ سکانتا مجمدار اداکار سے ملاقات کررہے ہیں۔




















