عالمی شہرت یافتہ صداکار اور اداکار ضیاء محی الدین کو دنیا سے رخصت ہوئے 1 سال بیت گیا ہے۔
ضیا محی الدین 20 جون 1931 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1949ء میں گورنمنٹ کالج لاہورسے گریجویشن کیا، آسٹریلیا اور پھر انگلستان سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔
اداکار نے 1953 سے 1956 کے دوران رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ لندن سے صداکاری، اداکاری اور ہدایت کاری کی تربیت حاصل کی اور طویل عرصے تک برطانیہ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور کئی مشہور فلموں اور ڈراموں میں کردار نگاری کے ذریعے اپنا لوہا منوایا۔
ضیاء محی الدین نے معروف ہدایتکار ڈیوڈ لین کی فلم ’لارنس آف عربیہُ میں ہالی ووڈ ایکٹر عمر شریف اور انتھونی کوئن کے ہمراہ کام کیا۔
انہوں نے 1969 سے 1973 تک مشہورٹی وی ٹاک شو ’دی ضیاء محی الدین شو‘ کی میزبانی بھی کی جس نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔
انہوں نے 1973 سے 1977 تک پی آئی اے آرٹس اکیڈمی کے ڈائریکٹر کی ذمے داری سنبھالی جبکہ فروری 2005 میں کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کی بنیاد رکھی گئی تووہ ناپا کے صدرمنتخب ہوئے۔
ضیاء محی الدین کو 2003 میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور 2012 میں صدرِ پاکستان نے ہلالِ امتیاز سے نوازا جبکہ 2017 میں دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
خیال رہے کہ ضیاء محی الدین 13 فروری 2023 کو کراچی میں مختصرعلالت کے بعد انتقال کرگئے۔




















