عالمی شہرت یافتہ معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کا نیا گانا آتے ہی چھا گیا ہے۔
پاکستانی اداکارعمران عباس کی آنے والی بھارتی پنجابی فلم ’جی وے سوہنیا جی‘ میں شامل عاطف اسلم کا گانا ریلیز کردیا گیا۔

عاطف اسلم نے ’جی وے سوہنیا جی‘ کا ٹائٹل سانگ گایا ہے جو کہ پنجابی اور اردو میں مکس ہے۔
گانے کو یوٹیوب پر بہت سراہا جا رہا ہے اور اسے اب تک 47 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
پنجابی بھارتی فلم ’جی وے سوہنیا جی‘ کا ٹریلر چند دن قبل ریلیز کیا گیا تھا، جس سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم اس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ عمران عباس کا کردار پاکستانی پنجابی کا ہوتا ہے جو کہ بھارتی پنجابی لڑکی سے محبت کر بیٹھتا ہے۔
ٹریلر میں تقسیم ہند کی وجہ سے پنجاب کو دو حصوں میں تقسیم ہونے کی کہانی بھی دکھائی گئی ہے۔
فلم میں واہگہ بارڈر سمیت پاکستان اور بھارت کے پنجاب کے مناظر دکھائے جانے کے علاوہ برطانیہ میں دونوں ممالک کے افراد کو ایک ساتھ رہتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم میں سمی چاہل، منتو کاپا، اڈایا وکاتی، امن بال اور سوارج سندھو سمیت دیگر نے کردار ادا کیے ہیں۔




















