Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سینئر اداکار قوی خان کو مداحوں سے بچھڑے 1 سال گزر گیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار محمد قوی خان کو مداحوں سے بچھڑے 1 سال گزر گیا ہے۔

قوی خان 15 نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ریڈیو پاکستان سے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام شروع کیا۔

انہوں نے 1964 میں پی ٹی وی سے باقاعدہ اداکاری کا آغاز کیا اور متعدد ڈراموں میں لازوال کردار ادا کیے جبکہ ’اندھیرا اجالا‘ ڈرامے میں پولیس افسر کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

قوی خان نے 1965 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اپنے طویل کیریئر کے دوران محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان سمیت دو سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اداکار قوی خان پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، بعد میں انہیں ناقابل فراموش اداکاری کے اعتراف میں ستارہ امتیاز اور نشان امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

یہ روشن ستارہ 5 مارچ 2023 کو ہمیشہ کے لیے غروب ہوگیا۔